ہم میں سے بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ موبائل فون کے چارجر کی تار اگر ایک کنارے سے ٹوٹی ہوئی ہو تو اسے ریپیئر یا ٹھیک کر کے استعمال کرنا معمولی سی بات ہے۔ مگر بعض اوقات یہ ’معمولی‘ سے بات غیر متوقع طور پر حادثات کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
بہت سے لوگوں کو معلوم نہیں ہوتا. کہ ٹوٹی ہوئی یا مرمت شدہ کیبل ہمارے فون یا ہمیں کس حد تک نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
ٹوٹے ہوئے اور خراب فون چارجرز کے علاوہ بازار سے خریدے گئے. غیر معیاری چارجر (جو اوریجنل نہیں ہوتے). بھی ہمارے فون اور ہماری زندگیوں کے لیے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔
مگر اس سے کیا مسائل پیدا ہو سکتے ہیں؟
کرنٹ
جب ہم اپنے فون کو مرمت شدہ موبائل کیبل یا موبائل چارجر کی مدد سے چارج کرتے ہیں تو ہمیں درپیش بدترین مسائل میں سے ایک یہ ہے. کہ اس سے بجلی کا جھٹکا لگ سکتا ہے۔
چند میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کے نتیجے میں دنیا بھر میں بہت سے لوگوں کی جانیں بھی جا چکی ہیں۔
بعض اوقات اس قسم کا حادثہ نہ صرف خراب شدہ چارجر کے ساتھ ہوتا ہے. بلکہ اس وقت بھی ہوتا ہے جب ہم ایسے چارجرز استعمال کرتے ہیں جو ہمارے فون کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتے یا غیر معیاری یعنی اوریجنل نہیں ہوتے ہیں۔
برطانیہ میں قائم الیکٹریکل سیفٹی انسٹیٹیوٹ کا کہنا ہے. کہ ایسے فون چارجر ’خطرناک ہو سکتے ہیں۔‘
ویب سائٹ کے مطابق ’ہم نے متعدد نقلی چارجرز کو جمع کیا اور پایا کہ ان میں سے 98 فیصد صارفین کے لیے ممکنہ طور پر خطرناک ہیں۔‘
اس لیے ادارے نے متنبہ کیا ہے. کہ ’اس خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے جو اس کے بعد ہو سکتا ہے، ہمیں اپنے فون کے لیے چارجر خریدتے وقت محتاط رہنا چاہیے۔‘
آگ لگنے اور دھماکے کا خدشہ
غیرمعیاری یا مرمت شدہ چارجرز کا استعمال آتشزدگی کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
الیکٹریکل سیفٹی انسٹیٹیوٹ نے خبردار کیا ہے کہ جعلی اور خراب چارجنگ کیبلز اور چارجر ’ہمارے فون کو زیادہ گرم کر دیتا ہے اور اس کے پھٹنے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں ہمارے فون خراب ہو سکتے ہیں اور شدید نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔‘
’غیرمعیاری کیبلز اور چارجر میں اکثر ایسا مواد ہوتا ہے. جو بجلی کے جھٹکوں کا سبب بن سکتا ہے۔ ہمارے فون جل سکتے ہیں اور گھر میں آگ لگنے کے خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔‘
گھروں میں آگ لگنے کے حوالے سے میپئر فاؤنڈیشن کی رپورٹ کے مطابق 25 فیصد واقعات میں آگ بجلی کی تاروں سے لگتی ہے. اور ان میں سے کئی کیسز میں خراب موبائل فون چارجر وجہ بنتے ہیں۔
فون کی بیٹری خراب ہو جانا
جب ہم ایسی کیبلز اور چارجرز استعمال کرتے ہیں تو ہمارے فون کی بیٹری کی صلاحیت بتدریج کمزور ہوتی جاتی ہے اور ممکن ہے. کہ یہ پوری طرح خراب ہو جائے اور آپ کے نقصان کا سبب بنے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ناقص چارجرز ہمارے فون کی بیٹری کو مطلوبہ مقدار میں بجلی فراہم نہیں کر پاتے اور آہستہ آہستہ ہماری بیٹری کی صحت کمزور ہوتی جاتی ہِے۔
اگر ہمارے چارجر یا کیبل کا کوئی حصہ ٹوٹنے والا ہو. تو اس کا حل یہ نہیں کہ آپ اسے ٹیپ لگا کر جوڑ دیں۔
لہذا اگر کیبل یا چارجر میں کوئی خرابی پیدا ہوئی ہے. تو یہ تجویز کی جاتی ہے کہ ہم اس کی کسی بھی طرح سے مرمت نہ کریں۔
بہترین حل یہ ہے کہ اصل چارجر کو تبدیل کیا جائے جو ہمارے فون کی بیٹری کی بجلی کی ضروریات کے مطابق ہو۔
ناقص چارجر کی شناخت کیسے کی جائے؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ خریدتے وقت اصلی اور نقلی چارجر میں فرق جاننا کوئی راکٹ سائنس نہیں۔
آپ بس درج ذیل باتوں کو یاد رکھیں:
چارجر پر لیبل دیکھیں: برانڈ اور معیار کے اعتبار سے کسی غلطی کی نشاندہی ہو سکتی ہے
ساکٹ کے آخری حصے کو دیکھیں: اگر یہ ضرورت سے زائد چمکیلا ہے تو ہو سکتا ہے کہ اس میں کوئی مسئلہ ہو
چارجر کا وزن: غیر معیاری جارجر ہلکے اور سستے مواد سے تیار ہوتے ہیں کیونکہ وہ اندر سے خالی ہوتے ہیں
شکل اور سائز: اگر چارجر جعلی ہے تو پلگ عموماً بڑے ہوں گے
چارجر کی دیکھ بھال کیسے کریں؟
ہمیں اپنے فون چارجر اور کیبل کی دیکھ بھال کرنی چاہیے تاکہ یہ لمبا عرصہ چل سکیں۔
چارجر کی تار کو اس طرح لپیٹیں کہ کیبل ٹوٹنے اور پھٹنے کا خطرہ نہ ہو۔ اسے زور سے نہ موڑیں اور اسے دھوپ یا گرم جگہ سے دور رکھیں۔
اکثر چارجنگ کے دوران فون مطلع کر دیتا ہے کہ بیٹری چارج ہو چکی ہے، لہذا فون کو اسی دورانیے کے بعد چارجنگ سے ہٹا لیں۔
بعض ماہرین یہ مشورہ دیتے ہیں کہ فون بند کر کے اسے چارج کریں تاکہ بیٹری ٹائم لمبا ہو سکے۔
رات کے وقت ہمیں اپنا چارجر اُتار دینا چاہیے ورنہ ساری رات چارجنگ کے باعث چارجر یا بیٹری دونوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔