پہلا ون ڈے: افغانستان 59 رنز پر ڈھیر، پاکستان 142 رنز سے فاتح

پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے. افغانستان کو 142 رنز سے شکست دے دی۔ تباہ کن بولنگ پرفارمنس پر حارث رؤف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ہمبنٹوٹا میں کھیلی جانے والی سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان کی ٹیم 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 

پہلے شاہین آفریدی، پھر نسیم شاہ اور اس کے بعد حارث رؤف نے یکے بعد دیگرے افغان بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 

شاہین آفریدی نے تیسرے اوور میں ابراہیم زادران اور رحمت شاہ کو کیچ آؤٹ کیا. اور اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے افغانستان کے کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی کو میدان بدر کرکے پاکستانی پیس بیٹری کا الارم بجادیا۔ 

افغانستان کی ٹیم مشکلات سے دوچار ہوئی تو حارث رؤف نے گرتی ہوئی دیوار کو مزید جھٹکے دینا شروع کردیے۔ 

حارث رؤف نے پہلے 18 کے مجموعے پر اکرام علی خیل، 35 پر رحمان اللّٰہ گرباز، 48 پر محمد نبی اور اسی اسکور پر راشد خان کو بھی پویلین بھیجا۔ 

افغانستان کے عظمت اللّٰہ عمر زئی ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔

آٹھویں وکٹ شاداب خان کے حصے میں آئی. جبکہ نویں اور آخری وکٹ حارث رؤف نے مجیب الرحمان کو آؤٹ کرکے لی۔

حارث رؤف نے 18 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین آفریدی نے دو جبکہ نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی جادوگر اور تجربہ کار اسپن بولنگ کے سامنے قومی بیٹرز پریشانی کا شکار رہے۔ 

فاسٹ بولر فضل حق فاروقی نے اوپنر فخر زمان کو 2 رنز پر پویلین واپس بھیجا تو مجیب الرحمان نے بابر اعظم کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے پاکستان ٹیم کو مشکلات میں دھکیل دیا۔  

پاکستان کی تیسری وکٹ 40 رنز پر گری جب محمد رضوان 21 رنز بنا کر 7.5 اوورز میں مجیب کی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

اگلے بلے باز آغا سلمان تھے جنہوں نے صرف 7 رنز بنائے۔ وکٹ کی دوسری جانب موجود امام الحق کا ساتھ دینے کےلیے افتخار احمد کیریز پر آئے. تو دونوں کے درمیان 50 رنز کی شراکت بنی۔ 

112 کے مجموعے پر افتخار احمد 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

پارٹنرشپ

اس کے بعد امام الحق اور شاداب خان کے درمیان 40 رنز کی پارٹنرشپ بنی اور ٹیم نے ڈیڑھ سو کا ہندسہ عبور کیا، جہاں امام الحق اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

نئے آنے والے بلے باز اسامہ میر صرف 2 رنز کے مہمان ٹھہرے. جبکہ ان کے بعد آنے والے شاہین آفریدی بھی اتنے ہی رنز بنا کر راشد خان کو وکٹ دے بیٹھے۔ 

9ویں وکٹ پر شاداب خان اور نسیم شاہ نے 35 رنز جوڑ کر ٹیم کا ٹوٹل 200 کے قریب کیا۔ شاداب خان 39 رنز بنا کر 198 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے 201 رنز پر آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز حارث رؤف تھے. جو ایک رن بناسکے جبکہ نسیم شاہ 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 3، محمد نبی اور راشد خان نے دو دو جبکہ رحمت شاہ اور فضل حق فاروقی نے ایک ایک وکٹ لی۔

ٹاس

خیال رہے کہ پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا. کہ اچھا ٹوٹل کر کے افغانستان پر دباؤ بڑھائیں گے۔

ہمبنٹوٹا میں کھیلے جارہے اس میچ میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، آغا سلمان، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پاکستان ٹیم میں شامل ہیں۔

تبصرہ کريں

آپکی ای ميل پبلش نہيں نہيں ہوگی.