دنیا بھر میں کرپٹو کرنسیوں کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئی ہے اور اس کی وجہ ایک مقبول کوائن کی مالیت میں 99 فیصد تک کمی ہے، جس نے اپنے ساتھ ایک ’سٹیبل کوائن‘ (وہ کرنسی جس کی قیمت میں تیزی سے اتار چڑھاؤ نہیں آتا) کی قیمت بھی گروا دی ہے۔
’ٹیرا لونا‘ نامی کوائن کی قدر گذشتہ ماہ 118 ڈالر تھی جو جمعرات کے روز گر کر 0.09 ڈالر پر آ گئی ہے۔ اس کا اثر اس کوائن سے منسلک ایک اور کرنسی ’ٹیرا یو ایس ڈی‘ پر بھی ہوا، جو عام طور پر کافی مستحکم ہوتی ہے اور ایک سٹیبل کوائن مانی جاتی ہے۔
اس صورتحال سے خوفزدہ سرمایہ کار اب بڑی کرپٹو کرنسیوں سے اپنا پیسہ باہر نکال رہے ہیں کیونکہ لوگوں کو اب لگنے لگا ہے کہ عام کرنسیاں سٹیبل کوائنز کو بھی اپنے ساتھ ڈوبا سکتی ہیں۔
سٹیبل کوائن کے پیچھے موجود کمپنیاں اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہیں کہ وہ امریکی ڈالر کے ساتھ برابری میں رہیں، مثال کے طور پر ایک کوائن ایک ڈالر کے برابر ہو۔
ویب سائٹ ’کوائن مارکیٹ کیپ‘ کے مطابق جمعرات کے روز ٹیرا یو ایس ڈی 0.4 ڈالر کی سطح پر آ گیا۔ سب سے مشہور سٹیبل کوائن ’ٹیدر‘ بھی 0.95 ڈالر کی کم ترین سطح پر آ گئی۔
’خوف و ہراس‘
’کرپٹو کریش‘ کی اصطلاح ٹوئٹر اور گوگل پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔ اس وقت مارکیٹ میں تمام کرپٹو کرنسی کی کل مالیت 1.12 ٹریلین ڈالر ہے جو گذشتہ برس نومبر میں اس کی قیمت کا ایک تہائی حصہ ہے۔
ویب سائٹ ’کوائن مارکیٹ کیپ‘ کے مطابق اب ایک بٹ کوائن کی مالیت 27 ہزار ڈالر ہے، جو کہ سنہ 2020 کے بعد سے اس کی کم ترین مالیت ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس ایک بٹ کوائن کی قیمت تقریباً 70 ہزار ڈالر تھی۔مواد پر
’ڈرامہ کوئین‘ پوڈکاسٹ میں سنیے وہ باتیں جنہیں کسی کے ساتھ بانٹنے نہیں دیا جاتا
اپنی قدر کے لحاظ سے دوسری بڑی کوائن ’ایتھرم‘ کی مالیت میں گذشتہ 24 گھنٹے میں 20 فیصد کمی آئی ہے۔
ماہر معاشیات فرانسس کوپولا کا کہنا ہے کہ ’ٹیرا یو ایس ڈی کے گرنے نے ’خوف و ہراس‘ پیدا کر دیا ہے کیونکہ بڑے مالیاتی اداروں نے اپنے اثاثوں کا بڑا حصہ فروخت کر دیا اور باقی سب بھی جلد از جلد اپنا پیسہ باہر نکالنے کی کوشش میں ہیں۔‘
’یہاں پر واقعی خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔‘
ٹیرا یو ایس ڈی اور ٹیرا لونا کے پیچھے کمپنی ٹیرا فارم لیبز کے بانی نے ٹویٹ کیا کہ ’میں اس بات کو سمجھتا ہوں کہ گذشتہ 72 گھنٹے آپ سب کے لیے بہت مشکل تھے۔ میں اس بحران سے نکلنے کے لیے آپ سب کے ساتھ کام کروں گا اور ہم اس سے باہر نکلنے کا راستہ ڈھونڈ لیں گے۔‘
ٹیرا فارم لیبز کے ڈس کارڈ سرور (ایک ایسا پلیٹ فارم جہاں سرمایہ کار جمع ہو کر مختلف معاملات پر بات کرتے ہیں) نے ایک نوٹس پوسٹ کیا کہ ’ڈس کارڈ سرور کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے تاکہ نئے لوگ یہاں آ کر خوف، غیر یقینی اور غلط خبریں نہ پھیلا سکیں۔‘
ٹیدر کے چیف ٹیکنالوجی افسر پاؤلو آرڈونیو نے یہ کرنسی رکھنے والے افراد کو ٹوئٹر پر یقین دہانی کرائی کہ کمپنی کے پاس ہر کسی کو ادائیگی کرنے کے لیے نقد ذخائر موجود ہیں۔
مضبوط قانون سازی
دنیا بھر میں قانون ساز اور حکام ’سٹیبل کوائن‘ پر قانون سازی کے لیے زور ڈال رہے ہیں۔
امریکی سیکرٹری خزانہ جینت یلین نے منگل کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں ٹیرا یو ایس ڈی کے گرنے کا حوالہ دیتے ہوئے مضبوط قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ ’اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ یہ تیزی سے بڑھتی ہوئی چیز ہے اور یہ کہ مالیاتی استحکام کے حوالے سے خدشات ہیں۔ اس لیے ہمیں ایک ایسے مناسب فریم ورک کی ضرورت ہے۔‘
گذشتہ ماہ امریکی محکمہ خزانہ کی ایک رپورٹ میں سٹیبل کوائن کے حوالے سے قانون سازی کے لیے منصوبے پیش کیے گئے تھے۔ اس رپورٹ میں یہ پیشگوئی بھی کی گئی تھی کہ یہ ’ادائیگی کا وسیع ذریعہ‘ بن سکتا ہے۔