ایک کتے کے بچے نے اپنی مالکن کے پرس سے 20 سکے نگل لیے، جسے ہنگامی طور پر سرجری کرکے بچا لیا گیا ہے۔
برطانیہ کی 29 سالہ شہری ایوانا کو اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے پالتو کتے کے بچے’ڈیزی‘ نے الٹیاں شروع کردیں۔
ایوانا نے دیکھا کہ اس دوران ڈیزی نے سکہ اُگلا ہے، جس کے بعد وہ اسے فوراً جانوروں کے اسپتال لے گئیں۔
ڈاکٹرز نے دیکھا کہ ڈیزی کے پیٹ میں دُکھن ہے، ایکسرے کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اس کے پیٹ میں کئی سکے تھے۔
ڈیزی کی سرجری کی گئی اور اس کے پیٹ سے تمام سکے نکال لیے گئے جن کی کُل مالیت 2.68 پاؤنڈ تھی۔
ایوانا نے کہا کہ میرا پرس کئی دنوں سے غائب تھا اور ہم نے کئی جگہ ڈھونڈنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بالکل خیال نہیں رہا کہ صرف 12 ہفتے کا یہ کتے کا بچہ پرس غائب کرکے اس میں موجود سکے نگل رہا تھا۔