سابق کپتان انضمام الحق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر مقرر

انضمام الحق 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم میں شامل تھے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کو قومی ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کر دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری. بیان میں کہا کہ سابق کپتان انضمام الحق کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ انضمام الحق نے پچھلے دور میں کوچ مکی آرتھر کے ساتھ کام کیا ہے، آخری باری 2019 میں پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی میں بطور چیف سلیکٹر ان کا آخری اسائنمنٹ تھا۔

ان کی منتخب کردہ ٹیم نے 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی. جب کہ وہ 2019 میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے. کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔

انضمام الحق اس سے قبل 13-2012 میں مختصر مدت کے لیے پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں جب کہ وہ افغانستان کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے بھی کام کر چکے ہیں۔

ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم

انضمام الحق 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم میں شامل تھے، وہ 378 ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 11 ہزار 739 رنز بنانے والے بلے باز ہیں جنہوں نے 10 سنچریاں اور 83 نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔

انہیں 120 ٹیسٹ میں 8 ہزار 830 رنز اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے. جس میں 25 سنچریاں اور 46 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مصباح الحق کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی قائم کی تھی، جس میں انضمام الحق اور محمد حفیظ بھی شامل تھے۔

یہ کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی مجموعی ڈومیسٹک ڈھانچے. شیڈول، پلیئنگ کنڈیشنز، نیشنل سلیکشن کمیٹی کی تقرری، نیشنل ٹیم کے کوچز کی تقرری، سینٹرل اور ڈومیسٹک معاہدوں اور امپائرز. ریفریز اور کیوریٹرز کی بہتری کے منصوبوں سمیت کرکٹ کے امور پر سفارشات کے لیے تشکیل دی گئی تھی۔

تبصرہ کريں

آپکی ای ميل پبلش نہيں نہيں ہوگی.